ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بہارمیں ووٹوں کی گنتی جاری؛ کیا پھر ایک بار نتیش گدی سنبھالیں گے ؟ آر جے ڈی بڑھ رہی ہے آگے؛ دیر رات مطلع صاف ہونے کے آثار

بہارمیں ووٹوں کی گنتی جاری؛ کیا پھر ایک بار نتیش گدی سنبھالیں گے ؟ آر جے ڈی بڑھ رہی ہے آگے؛ دیر رات مطلع صاف ہونے کے آثار

Tue, 10 Nov 2020 19:07:49    S.O. News Service

پٹنہ 10 نومبر (ایس او نیوز) بہار میں تین مرحلوں میں ہوئے 243 سیٹوں والی اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی  اب اپنے آخری مرحلے میں ہے۔ شروعاتی رحجانوں  میں این ڈی اے گٹھ بندھن کو  اکثریت ملتا نظر آرہا  تھا، مگر منگل شام سات بجے  ملی اطلاع کے مطابق  بہار میں آر جے ڈی سب سے بڑی پارٹی بنتی بھی نظر آرہی ہے، میڈیا میں آئی خبروں کے  مطابق الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ آرجے ڈی 77 سیٹوں پر آگے ہے اور بی جے پی 72 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے وہیں جے ڈی یو 40 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔ تازہ رحجانات کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جارہا ہے کہ نتیش کمار پھر ایک بار بی جے پی کی حمایت سے وزیراعلیٰ بننے میں کامیاب ہوں گے مگر بعض ذرائع یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ پکچر ابھی باقی ہے اور رات دیر گئے تک پھانسہ پلٹ بھی سکتا ہے۔

منگل دوپہر کو ڈپٹی الیکشن کمشنر چند بھوشن کمار، سندیپ جین اور آشیش کندرا نے مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے یہ بات صاف کردی  ہے کہ   کورونا وائرس ’کووِڈ۔19‘ وبا کے سبب اس بار بہار الیکشن میں 63 فیصد سے زائد پولنگ بوتھ بنائے گئے تھے اور ہر مرکز پر ایک سے 1500 تک ووٹر ہی ووٹ ڈال سکتے تھے، انہوں نے واضح کیا ہے کہ دوپہر تک بہار میں ایک کروڑ سے زائد ووٹوں کی گنتی ہوچکی ہے اور حتمی نتائج منگل دیر رات کو ہی آئیں گے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ  گذشتہ انتخابات میں 38 مقامات پر ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیا گیا تھا، مگر اس بار کوویڈ وبا کے چلتے 55 مقامات پر گنتی جاری ہے۔ انہوں نے کہا 2015 میں 65 ہزار پولنگ بوتھ بنائے گئے تھے جبکہ اس بار ایک لاکھ چھ ہزار پولنگ بوتھوں پر انتخابات منعقد کئے گئے تھے۔

 ایسے میں بعض سیاسی  لیڈروں نے ای وی ایم میں گڑبڑی کی بھی شکایت کی ہے، مگر اس تعلق سے ڈپٹی الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ  ای وی ایم مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ ان میں چھیڑ چھاڑ کا امکان نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس بار بہار میں سات کروڑ تیس لاکھ اہل ووٹر  تھے اور ان میں سے 57.3 فیصد  رائے دہندگان نے ووٹ دیا ہے۔ 

شام سات بجے ذرائع سے موصول ہونے والی  انتخابی ووٹوں کے گنتی کے بعد پتہ چلا ہے   کہ   243  سیٹوں میں سے صرف 20 سیٹوں کے نتائج کا اعلان ہوا ہے جس میں بی جے پی اور آر جے ڈی کے چھ چھ نمائندے کامیاب ہوئے ہیں، جے ڈی (یو)، کانگریس اور وکاشیل انسان پارٹی نے دو دو سیٹیں جیتی ہیں، اویسی کی پارٹی اور  سی پی آئی (ایم) نے ایک ایک سیٹ پر کامیابی پائی ہے۔

فی الوقت این ڈی اے 123 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے جبکہ مہاگٹھ بندھن 112 سیٹوں پر آگے ہے، اویسی  کی پارٹی پانچ سیٹوں پر، بی ایس پی دو سیٹوں پر اور آزاد ایک سیٹ پر آگے ہیں۔

 

 


Share: